آلو کا زیادہ استعمال موٹاپا پیداکرنے کاباعث بن سکتاہے ، ماہرین زراعت

بدھ 27 دسمبر 2017 15:11

فیصل آباد۔27 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2017ء) ماہرین زراعت نے بتایاہے کہ آلو کا زیادہ استعمال موٹاپا پیداکرنے کاباعث بن سکتاہے تاہم آلو میں شامل پروٹین ، کاربوہائیڈریٹ، آئرن ، کیروٹین سمیت دیگر اجزاء مختلف بیماریوں کے تدارک اور انسانی صحت کیلئے نہائت مفید ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ آلو میں 22.6 گرام کاربوہائیڈریٹ ، 1.6 گرام پروٹین، 7.2 گرام آئرن ، 12.3 گرام نیاسین، 1.4 گرام اوبو خلاون، 2.4 گرام کیروٹین، 1.2گرام چربی ، 9.7 گرام انرجی ، 5.7 گرام نمی ،10.4گرام تھیامین ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ آلو کااستعمال بد ہضمی ، پیٹ کی خرابی، اعصابی کھانسی ، پھیپھڑوں کی عضلاتی تحریک ، بچوں کی نشوونماخصوصاً جب بچے دانت نکال رہے ہوں اس وقت آلو کااستعمال ، جلی ہوئی جلد کے علاج کیلئے آلو کا استعمال اور دبلے پن کے خاتمہ کیلئے بھی اس کا استعمال بہترین اثرات کا حامل ثابت ہواہے۔ انہوںنے کہاکہ آلو کی مختلف مصنوعات بھی عوام میں بالعموم جبکہ بچوں میں بالخصوص انتہائی شوق سے استعمال کی جاتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ خشک سرد مزاج کی حامل مذکورہ سبزی کو ایک صحتمند شخص کو روزانہ 250 گرام تک غذا کے طور پر استعمال کرناچاہیے۔