بچوں کی ذہنی نشونما کے لئے مچھلی انتہائی مفید ہے، ماہرین

بدھ 27 دسمبر 2017 15:43

بچوں کی ذہنی نشونما کے لئے مچھلی انتہائی مفید ہے، ماہرین
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2017ء) امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ مچھلی کھانے والے بچے دیگر بچوں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔ یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے شعبہ صحت کے ماہرین کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو بچے ہفتے میںکم از کم ایک مرتبہ مچھلی کھاتے ہیں ان کا آئی کیو (انٹیلی جنس کوشنٹ) دیگر بچوں کے مقابلے میں اوسطاً 5 درجے بہتر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے سکول آف نرسنگ کی پروفیسر جیانگ ہونگ لوئی کی تحقیق کے بعد امریکا اور دیگر ممالک کے بچوں کی غذائی ترجیحات بدلنے کی اشد ضرورت محسوس کی گئی ہے تاکہ بچوں کی بہتر طور پر افزائش کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے تندرست رہیں اور سکول میں بہترین کارکردگی دکھائیں تو انہیں ہفتے میں ایک مرتبہ بچوں کو مچھلی ضرور کھلانی چاہیئے کیونکہ مچھلی میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بچے کو پرسکون نیند بھی دیتے ہیں جو ان کی دماغی نشوونما کے لیے ایک بہترین نسخہ ہے۔