سید علی گیلانی علیل  سب جیل چشمہ شاہی سے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ منتقل کردیا گیا ، کشمیری قوم کواتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کی لاج رکھنا ہوگی  بزرگ رہنما کی ہسپتال میں گفتگو

جمعہ 23 جولائی 2010 14:32

سری نگر (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23جولائی۔2010ء) حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کوسینے میں درد کی شکایت کے باعث سب جیل چشمہ شاہی سے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں داخل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سب جیل چشمہ شاہی میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو پولیس کے پہرے میں صورہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا اور کئی ٹیسٹ لینے کے بعد انہیں ہسپتال میں رکھنے کا مشورہ دیا ۔

حریت چیئرمین نے گزشتہ روز صبح سے ہی سینے میں درد کی شکایت کی تھی جسکے پیش نظر جیل حکام نے انہیں ہسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا ۔سید علی شاہ گیلانی کے فرزند نسیم گیلانی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سینے میں درد کی شکایت کے علاوہ انہیں مسلسل چکر بھی آتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کوصورہ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈکے بیڈ نمبرایک پر رکھا گیاہے ۔

دریں اثناء حریت رہنما نے بھارتی فوج اور پولیس کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے بے گناہ افراد کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا کی ۔انہوں نے کہامیں شہداء کی عظمت اور عوام کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے یکسوئی اور ملنساری کا مظاہرہ کریں اور ایک دوسرے کی اس قدر معاونت کریں کہ کوئی بھوکا نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس مرحلے پراتحاد ، عزم و استقلال کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی قربانیوں کی لاج رکھنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :