وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے مخدوم جاوید ہاشمی کا طبی معائنہ کیا،جنرل ہسپتال میں جاری علاج معالجہ پر اطمینان کا اظہار،صحت پہلے سے بہتر ہے،ممبران پروفیسر صاحبان،سوموار سے آئی سی یو سے پرائیویٹ روم میں منتقل کردیا جائیگا،پروفیسر طارق صلاح الدین کی بریفنگ

ہفتہ 24 جولائی 2010 19:58

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جولائی۔2010ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ممبر قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی کے علاج کے لئے تشکیل دئیے جانے وانے 24رکنی میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد ان کی حالت کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی طرف سے جاری علاج معالجہ پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

توقع ہے کہ جاوید ہاشمی کو سوموار سے آئی سی یو سے پرائیویٹ روم میں منتقل کردیا جائیگا۔پرنسپل پی جی ایم آئی ،ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر طارق صلاح الدین نے ہفتہ کے روز میڈیا کو جاوید ہاشمی کی صحت کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اعلیٰ سطحی میڈیکل بور ڈ میں ملک بھرکے ناموار معالجین شامل تھے جنہوں نے مخدوم جاوید ہاشمی کے اب تک کے علاج اور تشخیصی رپورٹ کا جائزہ لیا اور علاج پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہا ر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پروفیسر طارق صلاح الدین نے مزید کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی کے ایک دو ٹیسٹ مزید کروائے جارہے ہیں جس کے ذریعے بیماری کی وجوہات معلوم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی حالت خطرے سے باہر ہے اب دایاں بازو بھی ہلا سکتے ہیں تاہم ان کی زبان کی لڑکھڑاہٹ کو دور کرنے کیلئے سپیچ تھراپی کراوئی جارہی ہے۔طارق صلاح الدین نے مزید کہا کہ مسلم لیگی رہنما جس حالت میں ملتان سے لاہور منتقل کیا گیا تھا اس کے علاج کے لئے پوری دنیا کی نظریں لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں پر جمی ہوئی ہیں ۔

پاکستانی معالجین نے یہ ثابت کر دکھایا کہ وہ پیچیدہ سے پیچیدہ بیماریوں کا علاج کرنے کی صلاحیتں رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف روزانہ ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ سے تفصیلات حاصل کرتے ہیں ان کے اہل خانہ نے بیرون ملک یا پرائیویٹ علاج کرانے کے بجائے سرکاری ہسپتال کو ترجیح دی ان کے اعتماد پر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر پورا اتریں گئے میڈیکل بورڈمیں اسلام آباد، کراچی ،کوئٹہ ،ملتان کے علاوہ دیگر شہروں سے ڈاکٹر آئے تھے۔