تھیلیسیمیا کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے میڈیا، حکومت کے ذریعے آگاہی کی اشد ضرورت ہے ، بیرسٹر عابد وحید شیخ

جمعرات 28 دسمبر 2017 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2017ء) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ نے تھیلیسیمیا جو ایک جینیاتی مرض ہے کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے میڈیا، حکومت اور سول سوسائٹی کے اراکین کے مابین مربوط تعاون کے ذریعے آگاہی کی ضرورت پر زور دیا ہے،پاکستان میں تھیلیسیمیا مینجمنٹ میں انتقال خون کے مسئلہ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں بچے اس موذی مرض کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور بہت سے بچے پیچیدگی کے مسائل میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

متعدد متاثرہ خاندان باقاعدگی کے ساتھ ماہانہ بنیادوں پر انتقال خون پر انحصار کرتے ہیں جو کہ انتقال خون کی خدمات پر ایک بڑا بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تر کوششوں کے باوجود بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ سکریننگ کے ذریعے اس مرض کا پھیلائو کو روکنا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عابد وحید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان بیت المال کا پاکستان تھیلیسیمیا سنٹر کا منصوبہ مستحق مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے سیمینار کے انعقاد پر ڈاکٹر حسن عباس ظہیر اور نوارٹیز کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے سیمینار کے ذریعے تھیلیسیمیا کی روک تھام سے متعلق آگاہی ملتی ہے اور اس ضمن میں میڈیا، حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔