پی این ایس شفا میں امراض قلب کیلئے قائم جدید کارڈیک یونٹ میں پہلی انجیوگرافی کرلی گئی

جمعہ 29 دسمبر 2017 14:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2017ء)پاک بحریہ کے زیرانتظام پی این ایس شفا میں امراض قلب کیلئے قائم کیے گئے جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک یونٹ میں پہلی انجیوگرافی کرلی گئی ہے۔پی این ایس شفا میں قائم ہونے والا کارڈیک یونٹ اپنی نوعیت کا پہلا یونٹ ہے جو ملک کے جنوبی حصے میں مسلح افواج کے تحت چلنے والے کسی دوسرے اسپتال میں موجود نہیں۔

(جاری ہے)

یہ یونٹ مسلح افواج کے افراد کے ساتھ ساتھ شہری آبادی کو بھی امراضِ قلب کے علاج معالجے کی جدید سہولیات مہیا کرے گا۔25 بستروں پر مشتمل کارڈیک یونٹ شہر میں دستیاب طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاک بحریہ کی ایک نمایاں کاوش ہے۔اس یونٹ کے قیام سے تینوں مسلح افواج کے افراد اور عام شہریوں کو جدید طریقہ علاج بشمول انجییو گرافی، انجیو پلاسٹی اور کمپیوٹڈ ٹومو گرافی وغیرہ کی سہولیات میسر ہوگئی ہیں۔