بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 200خیمے،ادویات اور اشیائے خوردونوش پر مشتمل سامان بھیج دیا ہے،حکومت پنجاب

اتوار 25 جولائی 2010 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25جولائی ۔ 2010ء) حکومت پنجاب نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بار کھان اور دیگر اضلاع کے لئے 200خیمے،ادویات اور اشیائے خوردونوش پر مشتمل سامان بلوچستان بھیج دیا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرہ افراد میں دالیں ،آٹا ،چاول اور دیگر اشیائے خوردونوش کے 500بیگز تقسیم کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں پنجاب حکومت کی روانہ کردہ میڈیکل ٹیمیں بھی پہنچ چکی ہیں اور 2000سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کر نے کے علاوہ4500افراد اور 7000مویشیوں کو ویکسی نیشن مہیا کر دی گئی ہے۔

سیلاب ذدگان کی امداد کے لئے ڈائریکٹر جنرل ریلیف بھی پنجاب حکومت کا فراہم کردہ ہیلی کاپٹر لے کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں اور اب تک ہیلی کاپٹر کی 8پروازوں کے ذریعے 1018افراد کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب سے متاثرہ راجن پور تا حاجی پور اورحاجی پور تا لال گڑھ سڑکیں بحال کردی گئیہیں اوربلوچستان سے متصل پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کی انتظامیہ کو سیلاب ذد گان کی مد د کے لئے تمام ضروری فنڈز اور وسائل مہیا کردئیے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے آرمی ہیلی کاپٹر استعمال کیا جارہا ہے کمشنر ،پولیس اور متعلقہ انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اورحالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔