چینی کی قیمت میں اضافے کی ذمہ دار شوگرملز نہیں، چیئرمین شوگر ملزایسوسی ایشن

منگل 27 جولائی 2010 15:19

کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جولائی۔2010ء) رمضان المبارک سے پہلے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں دس روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بارے میں کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال کوکب اورشوگر ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید کیانی کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں اضافے کی ذمہ دار شوگرملز نہیں بلکہ اس کی بنیادی ذمہ داری ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان کی ہے کہ اس نے بحران کا بر وقت اندازہ نہیں لگایا اور اب قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن کوکب اقبال نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ چینی کی قیمت میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت چینی کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء دودھ، دالیں اور گوشت کی قیمت پر توجہ دے کیونکہ ان اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ چیئرمین شوگر ملز ایسوسی ایشن جاوید کیانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں اضافہ حکومت نے کیا ہے اس میں شوگر ملز کا کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں چینی کی قیمت بڑھنے میں ملک میں چینی کے دام پر اثر پڑتاہے۔