رعشے کے مرض کو کم کرنے میں مدد دینے والے لیزر جوتے تیار

پیر 1 جنوری 2018 15:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء)امریکی ویورپی ماہرین نے مشترکہ طور پررعشے کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے ایسے لیزر جوتے تیار کیے ہیں جو اس مرض پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، ماہرین کے مطابق جب بھی رعشے کے مریض چلتے وقت غیر معمولی کیفیت محسوس کریں گے تو جوتے میں لگی لیزر لائٹ ان کی دماغی صلاحیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی اور انہیں درست راہ کی طرف اشارہ فراہم کردے گی جسے یہ دیکھتے ہوئے متوازن حرکت کرسکتے ہیں،جوتے میں نصب لیزر لائٹ کو سیڑھیوں اور دیگر جگہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں نے جوتے میں لیزر بیم کو استعمال کرتے ہوئے رعشے ( پارکنسن)کی بیماری دور کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ اس مرض پر قابو پا سکیں،محققین کے مطابق رعشے کی بیماری میں دھڑ اور ہاتھ کانپتے رہتے ہیں جب کہ پیر زمین پر جمے رہتے ہیں لیکن مسلسل جسم کے کانپنے کی وجہ سے مریض ہواس باختہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے وہ گر جاتا ہے، ماہرین کے مطابق اس جدید لیزر جوتے کی مدد سے مریض اپنے ہوش و ہواس سنبھال سکے گا، یہ جوتا مریض کو درست جگہ حرکت کرنے میں مدد دے گا۔