حکومت ڈاکٹرز کو طبی شعبہ میں ہونے والی تحقیق اور تبدیلیوں سے آگاہ رکھنے کے لئے اندرون و بیرون ملک تربیت کے مواقع فراہم کر رہی ہے ،سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ

بدھ 28 جولائی 2010 14:15

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جولائی۔2010ء)سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ڈاکٹرز کو طبی شعبہ میں ہونے والی تحقیق اور تبدیلیوں سے آگاہ رکھنے کے لئے اندرون و بیرون ملک تربیت کے مواقع فراہم کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی کو پوسٹ گریجوایشن سپیشلائزیشن کے لئے ہر ممکن تعاون اور گرانٹ فراہم کی جائے گی تا ہم انہوں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپناشعار بنائیں - انہوں نے کہا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستا ن( سی پی ایس پی ) طبی ماہرین کی پوسٹ گریجوایشن تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے - انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے کالج کے لئے 10کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا - ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پی ایس پی کے 44ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا - کالج کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفراللہ چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا - سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ طبی شعبہ میں ہونے والی جدید سائنسی ریسرچ سے ڈاکٹرز کا آگاہ رہنا انتہائی ضروری ہے جس سے علاج معالجہ میں سہولتیں پیدا ہو رہی ہیں اور حکومت پنجاب طبی تحقیق کی سہولتیں ڈاکٹرز کو فراہم کرنے کے لئے ایک ریفارم ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت عامہ کی جدید طبی سہولتیں اور مفت ڈائلسز فراہم کرنے کے لئے حکومت نے صحت کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈی ایچ کیو ، بنیادی و دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور ہسپتالوں میں بلا معاوضہ ادو یات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تشخیص ٹیسٹ کے لئے جدید طبی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں - بعدازاں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے تربیت مکمل کرنے والے پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز میں ڈگریاں و میڈلز تقسیم کئے -