وفاق المدارس کے قائدین کی طرف سے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس ،زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا

بدھ 28 جولائی 2010 17:20

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جولائی۔2010ء) وفاق المدارس کے قائدین کی طرف سے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس ،ملک بھر کے مدارس اور مساجد میں زخمیوں کی صحت یابی اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت،دینی مدارس کے طلباء کو امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس ا لعربیہ پاکستان کے قائدین مولانا سلیم اللہ خان ،مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ،مولانا انوارالحق اور دیگر نے اسلام آباد میں مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ۔

انہوں نے اس حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا ۔وفاق المدارس کے قائدین کی ہدایت پر ملک بھر کی مساجد اور مدارس میں حادثے کا شکار ہونے والوں کی خیر وعافیت ،زخمیوں کی صحت یابی اور جاں بحق ہونے والوں کے دعائے مغفرت کا سلسلہ جاری ہے دریں اثناء وفاق المدارس کے قائدین نے دینی مدارس کے طلباء اور علماء وخطباء سے کہا ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کے لیے روایتی جوش وخروش کا مظاہرہ کریں ۔