مخدوم جاوید ہاشمی روبصحت،دو روز تک جنرل ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کا امکان

جمعرات 29 جولائی 2010 17:52

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 جولائی۔2010ء) جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے مخدوم جاوید ہاشمی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں آئندہ دو دن کے اندر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔ جمعرات کو مخدوم جاوید ہاشمی کے دماغ کا دوبارہ سٹی سکین کرایا گیا جس میں پہلے کی نسبت بہت بہتری آئی ہے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر آف نیوروسرجری ڈاکٹر طارق صلاح الدین کی سربراہی میں گزشتہ روز 6 رکنی میڈیکل ٹیم نے دوبارہ جاوید ہاشمی کا معائنہ کیا اور اب تک ہونے والے علاج معالجہ اور ٹیسٹوں پر مکمل اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخدوم جاوید ہاشمی دعا اور دوا سے تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں۔

میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر طارق صلاح الدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کی صحت کے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف انتہائی تشویش میں مبتلا تھے اور انہوں نے علاج کرنے والی ٹیم سے مسلسل رابطہ رکھا اور انہیں لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دی جاتی رہی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق صلاح الدین نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے اور ہسپتال کی انتظامیہ اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے کہ اس نے ہمیں اس امتحان میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔

پرنسپل نے مزید کہا کہ مخدوم صاحب کے علاج میں تمام طبی عملے نے 24 گھنٹے مستعدی کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیئے اور دیگر مریضوں پر بھی بھرپور توجہ دی گئی جس کی وجہ سے کسی قسم کی شکایات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی کا معائنہ کرنے والی میڈیکل ٹیم میں پروفیسر طارق صلاح الدین‘ پروفیسر غیاث النبی طیب‘ ایسوسی ایٹ پروفیسر نوید اشرف‘ ایسوسی ایٹ پروفیسر شاہد وحید‘ ام بنین اور ڈاکٹر جہانگیر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :