ملک بھر کی شوگر ملیں آئندہ ہفتے مکمل پیداواری عمل شروع کردینگی ،چینی کی قیمتوں میں 2 سے 3 روپے فی کلو کمی کے امکانات ‘ اس سال چینی کی کھپت تقریبا 35 تا 40 لاکھ ٹن رہیگی

بدھ 29 نومبر 2006 15:25

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29نومبر2006 ) ملک بھر کی تمام شوگر ملیں اپنا مکمل پیداواری عمل آئندہ ایک ہفتے میں شروع کردیں گی، چینی کے پیداواری عمل میں تیزی آنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں تقریبا 2 سے 3 روپے فی کلو کمی کے امکانات ہیں، ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 35 لاکھ ٹن چینی کی پیداوار حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے جبکہ ایک اندازے کے مطابق ملک میں اس سال چینی کی کھپت تقریبا 35 تا 40 لاکھ ٹن رہے گی۔

ذرائع کے مطابق رواں سال پاکستان میں گنے کی پیداوار 5 کروڑ 50 لاکھ ٹن سے زائد رہی ہے، ابتدائی طور پر یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس سال 32 تا 33 لاکھ ٹن چینی کی پیداوار ہوسکے گی لیکن اب ماہرین کا خیال ہے کہ چینی کی پیداوار بڑھ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق درآمد کنندگان کے پاس بھی تقریبا 45 تا 50 ہزار ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے جبکہ ٹی سی پی کے پاس بھی تقریبا 6 لاکھ سے ساڑھے 6 لاکھ ٹن چینی ہے، ٹی سی پی نے 30 ہزار ٹن چینی کا ٹینڈر جاری کیا ہے جس پر ملرز ناراض ہیں۔

سندھ میں قائم شوگر ملوں نے کرشنگ سیزن شروع کر رکھا ہے مگر پنجاب میں کرشنگ سیزن آئندہ چند روز میں شروع ہوگا۔ چینی کی نئی فصل مارکیت میں آتے ہی آئندہ ماہ دسمبر کے اختتام تک چینی کی فی کلو گرام تھوک قیمت 25 روپے تا 27 روپے کے درمیان آجائے گی، جو اس وقت 29 روپے فی کلو گرام ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ٹی سی پی اپنے پاس موجود چینی کا اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کرے تو چینی کی قیمت میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔