میانوالی کے لئے محکمہ صحت نے مزید ایک لاکھ بوتل منرل واٹر روانہ کر دیا،راولپنڈی اور فیصل آباد سے تین تین میڈیکل ٹیمیں 6ایمبولینس بھی میانوالی بھجوا دی گئیں

اتوار 1 اگست 2010 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔یکم اگست۔2010ء) وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر میانوالی میں سیلاب زدگان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے راولپنڈی اور فیصل آباد سے تین تین میڈیکل ٹیمیں اور 6ایمبو لینس روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ مزید ایک لاکھ بوتل منرل واٹر بھی بھجوادیا گیاہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے بتایاکہ میانوالی کے سیلاب زدگان کے لئے گزشتہ روز منرل واٹر کی 70ہزار بوتلیں سات ٹرکوں پر بھجوائی گئی تھیں جو وہاں پہنچ گئی ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ گیسٹرو کے مریضوں کے علاج کیلئے ادویات کے علاوہ اوآر ایس (ORS ) کے ایک لاکھ پیکٹ بھی بھجوائے جار رہے ہیں علاوہ ازیں لیہ کے لئے 5،تونسہ کیلئے 2اور راجن پور میں سیلاب سے متاثرہ اافراد کیلئے ایک ٹرک منرل واٹر کی بوتلیں بھجوائی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔

جس کے لئے منرل واٹر بھجوایا گیاہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہاکہ راجن پور ،ڈی جی خان ، لیہ ، تونسہ اور میانوالی کے سیلاب زدگان کی طبی امداد کیلئے ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور راولپنڈی اور فیصل آباد سے میانوالی جانے والی میڈیکل ٹیمیوں اور 6ایمبولینس کے ساتھ ادویات کی کھیپ بھی روانہ کی گئی ہے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے وزیراعلیٰ کے حکم پر سیکرٹری صحت فواد حسن فواد بھی میانوالی میں موجود ہیں۔

ڈی جی صحت نے مزید کہاکہ محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں پانی میں گھرے افراد کو موقعہ پر جا کر طبی امداد فراہم کر رہی ہیں جبکہ تمام متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں لوگوں کا علاج معالجہ کیاجارہا ہے اور تمام میڈیکل کیمپوں میں ضروری ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :