مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر مخدوم جاوید ہاشمی کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ،بہت جلد عوام میں ہوں گا ، میری صحت یابی کیلئے دعا ئیں کرنے پر پوری قوم سمیت تمام احباب کا شکر گزار ہوں ،مخدوم جاوید ہاشمی

اتوار 1 اگست 2010 18:09

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔یکم اگست۔2010ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر و رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی کو گیارہ دن بعد ان کی خواہش پر جنرل ہسپتال لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ، انہیں ایک ایمبولینس کے ذریعے اسلام آباد بھیجا گیا روانگی سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے ان سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں جب مخدوم جاوید ہاشمی کو لاہور جنرل ہسپتال سے اسلام آباد منتقل کیا جارہا تھا تو وہ فیملی وارڈ سے ایمبولینس تک آہستہ آہستہ خود چل کر گئے دیگر لوگوں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے علاوہ ایم این اے میمونہ ہاشمی ، زاہد بہار ہاشمی کے علاوہ ایم پی اے شاہد محمود خان ، طارق نسیم اللہ ،ملک انور علی ، امتیاز گلزارچٹان ، شہزاد مقبول بھٹہ ، اقبال گجر ، ابوبکر گجر، شیخ فیصل سعید ، سرفراز بخاری اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

مخدوم جاوید ہاشمی نے ہسپتال میں موجود لوگوں کا اپنی زبان سے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ بہت جلد عوام میں ہوں گے اور ان کی صحت یابی عوام ، کارکنوں اور پوری دنیا میں بسنے والے ان کے احباب کی خصوصی دعاؤں کا نتیجہ ہے وہ جتنا بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں وہ کم ہے ۔ واضح رہے کہ پمز اسلام آباد میں ان کی پیچ تھراپی اور فزیو تھراپی ہو گی جس کے بعد یہ واضح امکان موجود ہے کہ انہیں علاج کیلئے بیرون ملک لے جایا جائے گا۔