شیخ زید ہسپتال لاہور میں گردہ کی پتھری ،مثانہ کے غدود کا جدید ترین تکنیک بذریعہ لیزر سے آپریشن کے حوالے سے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد

شیخ زید ہسپتال میںاب مثانہ کے غدود ، گردہ کی پتھری کے مرض میں مبتلا عوام جدید طریقہ علاج ہولپ ، آر آئی آر ایس سے مستفید ہوسکیں گے‘پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان

جمعہ 5 جنوری 2018 16:32

لاہور (این این آئی شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور میںسربراہ شعبہ یورالوجی اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹیشن پروفیسر ڈاکٹر حافظ شہزاد اشرف کی زیر نگرانی گردہ کی پتھری اور پروسٹیٹ غدود کی سرجری کے جدید طریقہ علاج HoLEP (Holmium Laser Enucleation of the Prostate) اور RIRS (Retrograde Intra Renal Surgery) کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں یو کے سے آئے ہوئے معروف یورالوجسٹ ڈاکٹر عاصم مسعود چوہدری نے صوبہ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیر تربیت ڈاکٹرز کو بغیر چیرہ اور کٹ کے بذریعہ لیزر مثانہ کے غدود اور گردہ کی پتھری کے آپریشنز کی جدید تکنیک کی عملی تربیت فراہم کی ۔

ورکشاپ میں سرجنز، ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شہزاد اشرف نے کہاکہ ہولپ پہلے سے جاری ٹی یو آرپی کا جدید ترین نعم البدل ہے جو پروسٹیٹ غدود کو بذریعہ لیزر نکالنے کا جدید طریقہ علاج ہے۔

(جاری ہے)

یہ آپریشن خاص طور پر بڑے غدود یعنی 60 گرام سے زیادہ کیلئے کیا جاتا ہے۔ وہ مریض جو خون پتلا کرنے والی ادویات جیسا کہ کلویپیڈوگرل ، اسپرین، وارفرن نہیں چھوڑ سکتے ان کیلئے یہ واحد طریقہ علاج ہے۔

100 گرام سے بڑے غدود کا آپریشن عام طور پر اوپن سرجری سے کیا جاتا ہے، مگر ہولپ کی مدد سے ان کو بھی بغیر چیرے سے کیا جاسکتا ہے، دوران آپریشن خون کا ضیاع انتہائی کم ہوتا ہے، ٹی یو آر پی کی نسبت ہولپ آپریشن والا مریض جلدی ڈسچارج ہوجاتا ہے جبکہ خون پتلا کرنے والی ادویات بند کیے بغیر محفوظ سرجری کی جاسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ آر آئی آر ایس ایسا عمل جراحی ہے جس میں گردے کے اندر فائبرآپٹک اینڈوسکوپ کی مدد سے سرجری کی جاتی ہے، اینڈوسکوپ کو یوریتھرا ، مثانہ اور یوریٹر سے گزار کر گردے تک لے جایا جاتا ہے۔

آر آئی آر ایس کی بدولت گردے کی پتھری اور گردے کے کینسر کی سرجری کی جاتی ہے جبکہ یہ آپریشن عام طور پر جنرل یا سپائنل اینستھیزیا سے کیا جاتا ہے۔ اس تکنیک کی مدد سے آپریشن کروانے والا مریض ESWL, PCNL اور اوپن سرجری کی نسبت جلد صحت یاب ہو کر گھر چلا جاتا ہے۔اس ضمن میں چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور نے ہسپتال میں اس نئی ٹیکنالوجی کے آغاز کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ زاید ہسپتال کا شعبہ یورالوجی اس وقت پنجاب کا سب سے مصروف شعبہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ان ڈور، آو،ْٹ ڈور اور آپریشنز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس جدید ترین طریقہ علاج سے اب وطن عزیز کے عوام بھر پور فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ مثا نہ کے غدود اور گردہ کی پتھری کے مرض میں مبتلا مریض شیخ زاید ہسپتال میں ESWL, PCNL اور ٹی یو آر پی کے ساتھ ساتھ ہولپ اور آر آئی آر ایس سے بھی علاج کرواسکیں گے اور انہیں علاج و معالجہ کی غرض سے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا جبکہ ہسپتال میں جدید لتھوٹرپسی مشین کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :