محکمہ صحت نے میانوالی، مظفر گڑھ، ڈی جی خان اور رحیم یار خان کیلئے ادویات، ORS کی نئی کھیپ روانہ کر دی

منگل 3 اگست 2010 15:19

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3اگست۔2010ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت سیلاب زدگان کی طبی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پ رکام کر رہا ہے اور محکمہ نے مظفر گڑھ ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کیلئے ادویات ، ڈرپس، ORS اور پانی صاف کرنے والی گولیوں پر مشتمل نئی کھیپ روانہ کر دی ہے -ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے بتایا کہ پیراسیٹامول کی ایک لاکھ 20 ہزار گولیاں میانوالی پہنچا دی گئی ہیں جبکہ آج روانہ کئے جانے والے سامان میں مظفر گڑھ کیلئے 15 ہزار مریضوں کے علاج پر مشتمل ایمرجنسی ڈرگ کٹس اور گیسٹروکٹس جبکہ رحیم یار خان کیلئے گیسٹرو کے 15 سو مریضوں کے علاج پر مشتمل کٹ، ڈیرہ غازی خان کیلئے ORS کے 50 ہزار اور مظفر گڑھ کیلئے ایک لاکھ ORS (نمکول) کے پیکٹ شامل ہیں - انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہونے والے بچوں اور بوڑھے افراد کے علاج کے لئے ڈرپس اور پینے کا پانی صاف کرنے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں Aquapura گولیاں بھی دو ٹرکوں پر روانہ کر دی گئی ہیں-