ایف آئی سی میں نیا اوپی ڈی اور54بیڈز پر مشتمل کارڈیالوجی بلاک قائم کرنے کا فیصلہ

پیر 8 جنوری 2018 15:14

فیصل آباد۔8 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء)فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نیا اوپی ڈی اور54بیڈز پر مشتمل کارڈیالوجی بلاک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے دل کے مریضوں کی طبی سہولیات میں مزید اضافہ ہو سکے گا جبکہ ایف آئی سی میں گزشتہ سال 2017ء کے دوران 4لاکھ 33ہزار437دل کے مریضوں کو آئوٹ ڈورپرعلاج معالجہ کی سہولیات اور1342مریضوں کی کارڈیک سرجری کی گئی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فیصل آبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر رائے ذوالفقارنے ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ سال 16512دل کے مریضوں کاایمرجنسی پر داخلہ کرکے علاج کیا گیاجبکہ 96ہزارمریضوں نے ایمرجنسی آئوٹ ڈور سے رجوع کیا۔انہوں نے بتایا کہ دل کے عارضے میں مبتلا 7ہزار955مریضوں کو ان ڈورپر طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ 51ہزار145کی ایکو کارڈیوگرافی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ نیوکلئیر کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ(تھیلیم سکین)پر 977مریضوں نے استفادہ کیا جبکہ شعبہ انجیوگرافی سے رجوع کرنے والے 7ہزار67مریضوں کی انجیوگرافی اور1638کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 14مختلف شعبوں میں 250بیڈز کی گنجائش موجود ہے اور دل کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اورمریضوں ولواحقین کی آسائش کا بھی مکمل خیال رکھاجارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی ٹی انجیوگرافی مشین کی فراہمی اور آپریشن تھیٹر میں وسعت کے لئے بھی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں جبکہ سٹاف کی رہائش کے دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔انہوں نے مستقبل کے دیگر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نیا اوپی ڈی بلاک اور54بیڈز پر مشتمل کارڈیالوجی بلاک بھی قائم کیا جائے گا جس کی بدولت مریضوں کو طبی سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا ۔