نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 15جنوری سے شروع ہو گی

بدھ 10 جنوری 2018 13:58

نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 15جنوری سے شروع ہو گی
فیصل آباد۔10 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2018ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں نئے سال کی پہلی تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم 15جنوری بروز پیر سے شروع ہوکر 17 جنوری بروز بدھ تک جاری رہے گی جبکہ سویپنگ و کیچ اپ ڈے کے طورپر محکمہ صحت کی ٹیمیں 18 جنوری بروز جمعرات اور19 جنوری بروز جمعہ کو بھی متحرک رہیں گی تاکہ 5سال تک کی عمر کاکوئی بھی بچہ پولیو سے بچائو کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔

مزید برآں ڈی سی فیصل آباد سلمان غنی نے کہا ہے کہ پولیو کے وائرس کے موجود خطرات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو چین سے نہیں بیٹھنا چاہیے اور اس سلسلے میں جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے آئندہ مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کاکھوج لگاکر پولیوویکسین کے قطرے پلانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پاکستانیوں کوبیرون ممالک سفر کرنے میں بھی دشواریاں پیش آسکتی ہیں لہٰذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کوپورا کرنے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں اور والدین بھی بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے پولیو مہم کے بارے میں وسیع آگاہی مہم پر عملدرآمد کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں سٹیمرز، رکشوں پربینرز، مساجد میں اعلانات،ریڈیوپروگرامز اور کیبل نیٹ ورک کے استعمال کے ساتھ تشہیر کیلئے دیگر تمام ذرائع استعمال کئے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ اس بار انسدادپولیو مہم میں پرائیویٹ سکولوں،ہسپتالوں،کمرشل وصنعتی اداروں، رضاکارتنظیموں کی معاونت، سکائوٹس، یونیورسٹیز کے طالب علموں اوردیگر اداروں کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :