رحیم یار خان اور بہاول پور میں سیزنل انفلوئنزا کا مرض پھیل گیا

رواں سیزن میں سیزنل انفلوئنزا سے خواتین سمیت 18افراد انتقال کرگئے

بدھ 10 جنوری 2018 14:41

رحیم یار خان /بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء)جنوبی پنجاب کے شہرملتان کے بعدرحیم یار خان اور بہاول پور میں سیزنل انفلوئنزا کا مرض پھیل گیا ،ْملتان میں 24گھنٹوں کے دوران 4 نئے مریض سامنے آئے ہیں ،رحیم یار خان میں بھی ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ،ْرواں سیزن میں سیزنل انفلوئنزا سے خواتین سمیت 18افراد انتقال کرگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 24 دنوں میں 120 افراد کو سیزنل فلوکے شبہ میں ہسپتال لایا گیا جن میں سے 60 افراد میں سیزنل فلو کی تصدیق ہوئی جبکہ 8 مریضوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔رحیم یارخان کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج مریض میں سیزنل انفلوئنزا کی تصدیق ہوگئی ہے ،ْایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹرغلام ربانی کے مطابق مریض کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے ۔بہاول پور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں بھی سیزنل انفلوئنزا کے شبہ میں مریض رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ مریضوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں دوائوں کی کمی کی وجہ سے پریشانی کاسامناہے۔