صادق آباد نہر میں شگاف پڑنے سے ہائی وے زیر آب آ گئی، پنجاب اور سندھ کے درمیان ٹریفک معطل، پنجاب میں سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک، انڈس ہائی وے اور ملتان روڈ بہہ جانے کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور اضلاع کا ملک بھر سے پانچویں روز بھی رابطہ منقطع رہا، جناح، چشمہ اور تونسہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب

جمعرات 12 اگست 2010 14:36

پنجاب میں سیلاب کی صورتحال بدستورتشویشناک ، صادق آباد کے قریب کوٹ سبزل کے مقام پر نہر میں شگاف پڑنے سے ہائی وے زیر آب آگئی جس سے پنجاب اور سندھ کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی ،انڈس ہائی وے اور ملتان روڈ بہہ جانے کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور اضلاع کا ملک بھر سے پانچویں روز بھی رابطہ منقطع رہا ،جناح، چشمہ اور تونسہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ، جناح ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام بند کردیا گیا،ادھر جنوبی پنجاب کے متاثرین کی بڑی تعداد ملتان پہنچ گئی جہاں انہیں کیمپوں، خوراک اور دواوں کی کمی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سکھر بیراج پر پانی کی سطح گیارہ لاکھ 20 ہزار جبکہ گڈو بیراج پر دس لاکھ 15 ہزار کیوسک برقرار ہے۔ سیلاب کے باعث لاڑکانہ کے مختلف بچا بندوں پر پانی کا شدید دباؤ ہے اورکچے کے بیشترعلاقے زیرآب آچکے ہیں۔ضلع خیرپور کے جمشید لوپ بند،الرا جاگیر بند اور فرید آباد بند پر بھی پانی کے دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے