انگلینڈ پلاسٹک سرجنز کا فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی وسر گنگارام ہسپتال کا دورہ

جمعہ 12 جنوری 2018 21:08

لاہور۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) انگلینڈ کے پلاسٹک سرجنزپروفیسر پیٹرڈیواسکی،ڈاکٹر بروس ایمرسن اور ایس کے سین نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور سرگنگارام اسپتال کا دورہ کیا،دورہ کا مقصد فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نئی سب اسپیشلٹی بالخصوص پلاسٹک سرجری کے قیام کے سلسلے میں مشاورت و معاونت تھی، اس موقع پروائس چانسلرایف جے ایم یوپروفیسر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے بارے بریفنگ دی اورکہا کہ یونیورسٹی بننے کے بعد میڈیکل اور سرجیکل کی نئی سب اسپیشلٹی بشمول پلاسٹک سرجری،پیڈیاٹرک سرجری،اینڈوکرنالوجی اور روماٹالوجی کا آغازکیا جارہا ہے، برطانوی وفد اورایگزیٹوڈائریکٹر جناح برن یونٹ پروفیسر معظم نذیرتارڑ نے پلاسٹک سرجری کے قیام کیلئے ہر قسم کے تعاون اور مشاورت کی یقین دہانی کروائی،ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر کامران خالد خواجہ نے بتایا کہ سرگنگارام اسپتال چھاتی کے کینسر کی سرجری کا مین سینٹر ہے،سرجری کے بعد پلاسٹک سرجری کا شعبہ انتہائی اہم ہے،اس شعبہ کے قیام سے برن سے متاثرہ اور پلاسٹک سرجری کے ضرورت مندمریضوں کو خاطرخواہ فائدہ ہوگا،ایم ایس سرگنگارام اسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ نے اس شعبہ کے قیام کو مریضوں کیلئے خوش آئند قرار دیا،اس موقع پر پروفیسر زاہد کمال،ڈاکٹر خضرحیات گوندل،ڈاکٹرعدنان اسلم،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرعندلیب سمیت سینئرڈاکٹرز بھی موجود تھے۔