دادو مورو پل کے قریب سڑک پر 30 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا،مورو کے کئی دیہات زیر آب،ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گیسٹرو کی وبا سے 17افراد جاں بحق ،درجنوں ہسپتال پہنچ گئے ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 35لاکھ بچوں سمیت 60لاکھ افراد متاثرہوسکتے ہیں، اقوام متحدہ کا انتباہ

پیر 16 اگست 2010 19:51

دادو مورو پل کے قریب سڑک پر تیس فٹ چوڑا شگاف پڑگیا۔مورو کے کئی دیہات زیر آب آگئے ۔سیلاب کے دباوٴ سے دادو مورو پل کے قریب سڑک کا تیس فٹ حصہ بہہ گیا۔ پانی سے تقریباً ایک کلومیٹر سڑک زیر آب اگئی۔ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ انجینئر روہڑی کنال کا کہنا ہے کہ شگاف جلد پر کردیا جائے گا۔ سڑک ٹوٹنے سے بیلو ٹینٹ، اسماعیل سولنگی، عبداللہ چنیسر، اور تین دیگر دیہات زیر آب آگئے ۔

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج بحریہ کے جوانوں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں گیسٹرو کی وبا سے 17افراد جاں بحق اوردرجنوں متاثر ہ افراد ہسپتال داخل کروا دیئے گئے جبکہ اقوام متحدہ نے خبر دار کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 35لاکھ بچوں سمیت 60لاکھ افراد متاثرہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گیسٹرو کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ میران شاہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر علی محمد نے بتایا کہ ہسپتال میں گیسٹرو سے کئی متاثرافرادکو ہسپتال میں لا یا گیا تھاجن میں سے دو بچوں اور دو خواتین سمیت 8افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ دیگر افراد ہسپتال میں تال حال زیر علاج ہیں