ملک بھرمیں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ، پانچ سال تک عمر کے 3 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،2 لاکھ ساٹھ ہزار ہیلتھ ورکر ملک بھر میں گھر گھر جاکر پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے

پیر 15 جنوری 2018 12:38

ملک بھرمیں تین روزہ انسداد پولیو مہم  شروع ، پانچ سال تک عمر کے 3 کروڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) ملک بھرمیں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 3 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،2 لاکھ ساٹھ ہزار ہیلتھ ورکر پورے ملک میں گھر گھر جاکر پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے ۔ تفصیلات کے مطا بق انسداد پولیو پروگرام کے قومی رابطہ کار رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

قومی رابطہ کار نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ91 لاکھ پچاس ہزار ، سندھ میں ستاسی لاکھ، خیبرپختونخوا میں چھپن لاکھ اسی ہزار ، بلوچستان میں چوبیس لاکھ ساٹھ ہزار ، فاٹا میں دس لاکھ تین ہزار ، آزاد کشمیر میں سات لاکھ چالیس ہزار ، گلگت بلتستان میں دو لاکھ سینتیس ہزار اور اسلام آباد میں تین لاکھ تیرہ ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پولیو سے بچائو کی چار کروڑپچیس لاکھ خوراکیں پلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس مہینے کی پچیس سے اٹھائیس تاریخ تک مہم کی تذویراتی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔رانا صفدر نے کہاکہ 2 لاکھ ساٹھ ہزار ہیلتھ ورکر پورے ملک میں گھر گھر جاکر پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔قومی رابطہ کار نے کہاکہ گزشتہ برس ملک میں پولیو کے 8کیس سامنے آئے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پولیو کے حوالے سے ملک میں دو حساس مقامات کراچی اور کوئٹہ کے قریب قلعہ عبداللہ ہیں جن پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔رانا صفدر نے کہا کہ یہ موجودہ سال کی پہلی مہم ہے اور اس طرح کی ملک گیر مہمات اگلے چارماہ کے دوران بھی شروع کی جائیں گی تاکہ ملک سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :