سماجی تنظیم آر کے ایف کی چیئرپرسن ریحام خان کی تھیلی سیمیا سنٹر ہری پور کا دورہ

پیر 15 جنوری 2018 12:59

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) سماجی تنظیم آر کے ایف کی چیئرپرسن ریحام خان نے تھیلی سیمیا سنٹر ہری پورکے دورہ کے دوران متاثرہ بچوں سے ملاقات کی۔ سنٹر کے چیئرمین شاہد حسن آفریدی نے ان کو سنٹر کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ممبر شوکت محمود، نجی فیکٹری کے کوالٹی منیجر محفوظ الرحمن، نوجوان سماجی کارکنان اور دیگر سمیت متاثرہ بچے اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔

انہوں نے سنٹر کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہد حسن آفریدی جیسے لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں جو ان غریب بچوں کے علاج معالجہ کیلئے کام کر رہے ہیں لیکن شہریوں کو ہر طرح کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، آپ لوگ حکومتی نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں، آپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت سے جواب طلبی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عوام کی ووٹ کی پرچی کی طاقت سے منتخب ہونے والے نمائندوں کی جیتنے کے بعد اپنی حالت بہتر ہو جاتی ہے اور غریب عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت تک میسر نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بحیثیت سماجی کارکن مختلف ہسپتالوں کے وزٹ کئے ہیں، ضلع کے سرکاری ہسپتالوں اور بی ایچ یوز میں آج بھی سہولیات کا فقدان ہے جس کیلئے آواز اٹھانا آپ لوگوں اور میڈیا کی ذمہ داری ہے، ہم خواتین کو روزگار دینے کی بات کرتے ہیں لیکن ضلع میں اعلیٰ تعلیم یافتہ مرد ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے بے روزگار پھر رہے ہیں۔

انھوں نے تھیلی سیمیا سنٹر کی انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ حکومتوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اس حوالہ سے با ت کریں گی اور خود بھی ان کا سنٹر کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :