پولیو کی مانیٹرنگ، پاک افغان سرحد پر 5 نئے چیک پوائنٹس بنائے جائیں گے، نصیر خان

جمعہ 1 دسمبر 2006 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر۔2006ء) وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے پاک افغان سرحد پر پانچ نئے چیک پوائنٹس بنائے جائیں گے جس کی مانیٹرنگ عالمی ادارہ صحت کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں افغان وزیر صحت کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران۔ نصیر خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحد پر پہلے صرف دو چیک پوائنٹس تھے جس سے پولیو وائرس کی منتقلی کے خطرات زیادہ تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان افغانستان میں پیس ہیلتھ مشن بھی بھیجے گا مشن میں ملک کے ماہر سرجنز، ادویات اور سرجیکل آلات افغانستان بھیجے جائیں گے مشن میں شامل موبائل ٹیمیں پسماندہ علاقوں کا دورہ کریں گی جبکہ کابل میں جدید سہولیات سے آراستہ جناح ہسپتال بھی بنایا جائے گا جو افغان عوام کیلئے پاکستان کی جانب سے تحفہ ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیو کی مانیٹرنگ کیلئے ہر تین ماہ بعد دونوں ملکوں کے وزرائے صحت کے اجلاس بھی بلائے جائیں گے۔ افغان وزیر سید محمد امین فاطمی نے اس موقع پر کہا کہ وہ صحت کے شعبے میں پاکستانی حکومت اور عوام کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں اور دونوں ملک باہمی تعاون کو فروغ دے کر متعدی امراض کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :