حکومت عا م آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے بجلی سڑکیں گیس پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کی سہولتوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ شوکت عزیز

اتوار 3 دسمبر 2006 18:21

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت عا م آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے بجلی سڑکیں گیس پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کی سہولتوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اٹک کے ضلعی ناظم میجر یٹائرڈ طاہرصادق سے اتوار کو وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے دور ان بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری اقتصادی پالیسیوں کا بنیادی مقصد عام آدمی کی بہتر ہے ۔

بنیادی سہولتیں فراہم کر نے کے لئے خوشحال پاکستان پروگرام شروع کیا گیا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری نظر آرہی ہے ۔وزیر اعظم نے ان سے اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ۔تاکہ عوام بنیادی سطح پر ترقیاتی عمل کے فوائد حاصل کر سکیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ اٹک میں جدید ٹراما سنٹر کے قیام کے لئے فنڈ فراہم کئے جائیں گے جس سے اٹک اور نواحی علاقوں کے عوام کو ہنگامی حالات میں ریلیف ملے گا ۔

پارٹی امور پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رکنیت سازی کا عمل تیز کیا جائے اور مسلم لیگ کی وسیع بنیاد وں پر تنظیم نو کی جائے پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں ملک میں سیاسی واقتصادی ترقی کے لئے کام کرتی رہیں گی اور ہم معاشرے میں اسلامی قدروں کی فروغ کے لئے کام کرتے رہیں گے تاکہ ہم پاکستان کو قائد اعظم کے خوابوں کے مطابق مضبوط اور مستحکم بنا سکیں ۔ میجر طاہر صادق نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل ہونگی ۔