شعیب اختر اور محمد آصف کو ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے میں‌ممنوعہ ادویات کے الزام سے بری کردیا گیا

منگل 5 دسمبر 2006 12:20

شعیب اختر اور محمد آصف کو ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے میں‌ممنوعہ ادویات کے الزام ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05دسمبر2006 ) شعیب اختر اور محمد آصف کو ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے میں‌ممنوعہ ادویات کے الزام سے بری کردیا گیاہے۔ تحقیقات کے بعد ٹریبونل کی سماعت اور میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس کی روشنی میں‌پی سی بی نے سزا سنائی تھی ۔ جس کے تحت شعیب اختر پر دوسال اور محمد آصف پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی ۔ جن کے خلاف دونوں‌بولروں نے اپیل دائر کی تھی۔

اپیل کی سماعت کرنے والے ٹریبونل کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے اپنے فیصلے میں شعیب اختر اور محمد آصف پر پابندی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ اپیل کی سماعت تین ہفتے جاری رہی، اور ٹریبونل کے دیگر ارکان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر حسیب احسن اور ڈاکٹر دانش ظہیر شامل تھے۔ یاد رہے کہ شعیب اختر اور محمد آصف کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی نگرانی میں کئے جانے والے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد سابق گورنر شاہد حامد‘ سابق کپتان انتخاب عالم اور میڈیکل ایکسپرٹ وقار احمد پر مشتمل کمیٹی نے ان دونوں باؤلرز میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کا جرم ثابت ہونے پر شعیب اختر پر دو جبکہ محمد آصف پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

(جاری ہے)

اس سزا کے بعد سے وہ گزشتہ دو ماہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور تھے اس فیصلے کے بعد دونوں باؤلرز نے اس فیصلے کے خلاف پی سی بی سے اپیل کرتے ہوئے درخواست جمع کرائی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے اس کیس کی پیروی عابد حسن منٹو اور آفتاب گل نے کی۔ گزشتہ تین ہفتوں سے جاری اس کیس کی سماعت جسٹس فخر الدین ابراہیم‘ سابق ٹیسٹ کرکٹر حسیب احسن اور ڈاکٹر دانش ظہیر نے کی۔ منگل کے روز سماعت مکمل ہونے پر ٹریبونل نے ڈوپنگ کیس میں دونوں کھلاڑیوں کو بری کردیا۔