پاکستان ادویات کا بڑا ایکسپورٹر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ،وزیراعظم شوکت عزیز ،بہت سی امریکہ فارما سیوٹیکل کمپنیاں ریسر چ اور ڈویلپمنٹ کے منصوبوں میں اپنا کر دار ادا کریں گی، پی لارسن

بدھ 6 دسمبر 2006 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6دسمبر۔2006ء ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ادویات کا بڑا ایکسپورٹر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اس مقصد کے لئے انٹیلکچوئیل پراپرٹی حقوق قوانین پر عملدر آمد، پیٹینٹ کے تحفظ، سر مایہ کاری کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو کم قیمت پر معیاری ادویات فراہم کی جاسکیں ۔ امریکی قانونی فرم کے سینئر انٹر نیشنل انوسٹمنٹ ایڈوائزراور سابق نائب وزیر ایلن پی لارسن سے بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے دور ان بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت نے انٹیلیکچوئیل پراپرٹی رائٹس آر گنائزیشن قائم کی ہے جو ایک خود مختار ادارہ ہے اوروہ بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق متعلقہ قوانین پر عملدر آمد کریگا سخت قوانین متعارف کر انے کے ساتھ ساتھ پاکستان نے آئی پی آر قوانین کے نفاذ میں اہم پیش رفت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے نفاذ کے طریقہ کار کو مستحکم بنایا گیا ہے اور ملک ان قوانین کے مکمل عملدر آمد کی طرف پیشرفت کررہا ہے حکومت ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کا عزم کئے ہوئے ہے اس مقصد کے لئے احتیاط اور علاج دونوں پر توجہ دی جارہی ہے اور ملک سے پولیو، ایڈز، ہیپاٹائٹس اور اس کی قسم دیگر لعنتوں کے خاتمے کے لئے ذرائع ابلاغ کو استعمال کیا جارہا ہے ۔

گزشتہ سات سالہ اصلاحات سے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہوا ہے اور پاکستان غیر ملکی سر مایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ مالی سا ل کے دور ان 3.8ارب ڈالر کی سر مایہ کاری ہوئی جو ملکی تاریخ کا ریکارڈ ہے اور اس سال توقع ہے کہ اور زیادہ غیر ملکی براہ راست سر مایہ کاری ہوگی ۔ مسٹر ایلن پی لارسن نے کہاکہ پاکستان میں لائف سائنسز میں ریسرچ کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

جس سے پیداوار اور بر آمدات بڑھیں گی امریکی کمپنیاں پاکستان میں سر مایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں ۔ اور اس سے عوام کو معیاری ادویات کم قیمت پر دستیاب ہونگی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے فروغ کے وسیع مواقع ہیں ۔ بہت سی امریکہ فارما سیوٹیکل کمپنیاں ریسر چ اور ڈویلپمنٹ کے منصوبوں میں اپنا کر دار ادا کریں گے ۔ ملاقات میں وزیر صحت نصیر خان، پاکستان میں امریکہ کے سفیر ریان سی کروکر اور اعلی حکام بھی موجود تھے ۔