کراچی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے مریضوں کی اکثریت صدر ٹاؤن کے علاقے میں رہائش پذیر ہے ،سروے رپورٹ

اتوار 10 دسمبر 2006 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 10دسمبر 2006ء ) کراچی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے مریضوں کی اکثریت صدر ٹاؤن کے علاقے میں رہائش پذیر ہے ۔ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام اور ایم آئی وی ایڈز سروس پروجیکٹ کے سروے کے مطابق ہائی رسک افراد میں 5078 یعنی 13.3 فیصد صدر ٹاؤن میں رہائش پذیر ہیں ، بلدیہ ٹاؤن میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 4967 یعنی13فیصد اور لیاری ٹاؤن میں 3866 یعنی 10.1فیصد متاثرہ افرا د رہتے ہیں ۔

گڈاپ ٹاؤن کراچی کا وہ ٹاؤن ہے جہاں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد کی نہایت کم تعداد 418 یعنی 1.1فیصد تعداد رہتی ہے ۔ دوسرے نمبر پر گلبرگ ٹاؤن ہے جہاں صرف 613 متاثرہ افراد یعنی 1.6 فیصد ہیں اوراورنگی ٹاؤن تیسرے نمبر پر ہے جہاں 635 افراد یعنی 1.7 فیصد لوگ متاثر پائے گئے ۔ کراچی کے دیگر ٹاؤنز یا علاقوں کے اعداد و شمار اس طرح ہیں کہ کورنگی میں 1517 افراد یعنی 7.9 فیصد کیماڑی ٹاؤن میں 1131یعنی 3فیصد، گلشن ٹاؤن میں 1587 یعنی 42 فیصد لیاقت آباد ٹاؤن میں 1123 یعنی 4 فیصد ، شاہ فیصل ٹاؤن میں 1278 یعنی 33 فیصد اور سائٹ ٹاؤن میں 2892یعنی 7.6فیصد متاثرہ افراد رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں متاثرہ افراد کی تعداد 2590 یعنی 6.8 فیصد ہے ۔ معلومات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد گھٹتی بڑھتی رہتی ہے ۔ سروے کے مطابق ان متاثرہ افراد میں 12282 انجکشن کے ذریعہ نشہ کرنے والے (آئی ڈی پوزر) 11564 فی میل سیکس ورکرز (ایف ایس ڈبلیو) 8582 خواجہ سرا (ای ایس ڈبلیو) 5687 میل سیکس ورکر (ایم ایس ڈبلیو) شامل ہیں ۔

سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیاری ٹاؤن ہائی رسک گروپ کے حوالے سے سرفہرست ہے ۔ بلدیہ اور لیاری ٹاؤنز کراچی کی وہ ٹاؤنز ہیں جو ہر قسم کی جنسی سرگرمیوں کے حوالے سے سرفہرست ہیں جبکہ صدر ٹاؤن آئی ڈی پوزر یعنی انجکشن کے ذریعہ نشہ کرنے والے اور ایم ایس ڈبلیوز یعنی میل سیکس ورکرز کے حوالے سے سرفہرست ہیں ۔ صدر ٹاؤن میں کم از کم آئی ڈی پوزر 2463 لیاری مین 1197 سائٹ میں 1073 جمشید ٹاؤن میں 890 اور بن قاسم میں 889 نوٹ کئے گئے ہیں ۔

بلدیہ میں ایف ایس ڈبلیوز یعنی فی میل سیکس ورکر کے حوالے سے سرفہرست ہے یہاں تقریباً 2130 ایف ایس ڈبلیوز رہتی ہیں جبکہ لیاری میں 1172 ایف ایس ڈبلیوز ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں 1148 ، ایف ایس ڈبلیوز اور سائٹ میں 1008 ایم ایس ڈبلیوز رہائش پذیر ہیں اسی طرح بلدیہ ٹاؤن میں خواجہ سرا بھی کثیر تعداد یعنی 1910 کی تعداد میں رہائش پذیر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :