اشیائے خوردونوش کے 400میں سے 299نمونہ جات غیر معیاری اور مضر صحت پائے گئے ‘،فیصل آباد میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی منظوری ‘ پورے ضلع میں ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم شروع

منگل 12 دسمبر 2006 13:27

لاہو ر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12دسمبر2006 ) انسداد ملاوٹ مہم کے دوران نومبر کے مہینہ میں فوڈ انسپکٹر ز نے مختلف اشیاء خورد نوش کے 400نمونہ جات جمع کئے۔ جن میں سے 299غیر معیاری اورمضر صحت پائے گئے۔متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔یہ بات ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر صحت فیصل آبادڈاکٹر محمد جاوید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی ۔

ڈاکٹر محمد جاوید نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ ناظم رانا زاہد توصیف اورڈی سی او میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر پورے ضلع میں ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم کاآغاز کردیاہے ۔ڈاکٹر جاوید نے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ز(ہیلتھ )کواپنے اپنے علاقہ میں عوام کوملاوٹ سے پاک اشیائے خورد نوش کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورزیادہ پیسے کمانے کے لالچ میں غیرمعیاری اورملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والے عناصر کے خلا ف بھرپو ر کاروائی کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ضلع کی تمام تحصیلوں ‘قصبات اوردیہات میں یکساں طور پرچلائی جائیگی۔اس سلسلے میں سابق میونسپل کارپوریشن کے پانچ فوڈ انسپکٹر میں سے ایک ایک فوڈ انسپکٹر کی ڈیوٹی فوری طور پر ڈپٹی ڈسٹرک آفیسر ہیلتھ جڑانوالہ اورسمندری کے ساتھ لگانے کافیصلہ کیاگیا۔ڈاکٹر جاوید نے بتایاکہ ضلع فیصل آباد میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری نہ ہونے کی وجہ سے نمونہ جات لاہور بھیجنا پڑتے ہیں۔تاہم سٹی ڈسٹرک گورنمنٹ فیصل آباد نے ضلع میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے اس سلسلہ میں جلد اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :