صدر مشرف کے قافلے کو بم سے اڑانے کے مقدمہ میں حرکت المجاہدین العالمی کے 3 کارکنان پر فرد جرم عائد۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا

جمعہ 15 دسمبر 2006 16:12

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین15دسمبر2006 ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج غلام علی سامتیو نے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے اڑانے کے مقدمہ میں ملوث حرکت المجاہدین العالمی کے 3 کارکنان محمد عمران، محمد حنیف اور محمد اشرف پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت 20 دسمبر کو گواہوں کو طلب کرلیا ہے، ملزمان کا ایک ساتھی کامران تاحال مفرور ہے اور رینجرز کے انسپکٹر وسیم الحسن کو مقدمہ سے بری کیا جاچکا ہے، ملزمان کے مقدمہ کی از سر نو سماعت کرنے کا عدالت عالیہ سندھ نے حکم جاری کیا ہے، گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی فاضل عدالت نے مختلف سزائیں سنائی تھیں جس کے خلاف ملزمان نے اپیل دائر کی تھی، جس کے بعد ملزمان کے مقدمہ کی جیل میں قائم عدالت میں دوبارہ سماعت شروع ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف ایئرپورٹ پولیس نے 26 اپریل 2002ء کو صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کے قافلے کو ایئرپورٹ کے علاقے میں واقع فلک ناز آرکیڈ کے سامنے بارود سے بھری سوزوکی پک اپ کے ذریعے اڑانے کا الزام ہے۔