عالمی بینک نے پولیو کے خاتمے کے منصوبے میں دیا گیا 41.6 ملین ڈالر کا قرضہ گرانٹ میں تبدیل کردیا

ہفتہ 16 دسمبر 2006 15:26

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16دسمبر2006 ) عالمی بینک نے پولیو کے خاتمے کے منصوبے میں دیا گیا 41.6 ملین ڈالر کا قرضہ گرانٹ میں تبدیل کردیا ہے یہ قرضہ عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان اس منصوبے کے بارے میں پارٹنر شپ کی بنیاد پر دیا گیا تھا اس ضمن میں ہفتہ کو اقتصادی امور ڈویژن میں ایک سمجھوتے پر دستخط کئے گئے اور دستاویزات کا تبادلہ ہوا ۔

اس منصوبے کا مقصد پولیو کے خلاف حکومت پاکستان کو امداد فراہم کرنا ہے تاکہ ملک بھر میں پولیو ویکسین کی فراہمی جاری رکھی جاسکے جو پولیو کے خلاف مہم کے نام سے جاری ہے ۔ پولیو کے خاتمے کیلئے بڑا قدم 1994ء میں اٹھایا گیا تھا جس کے بعد سے 1980 ء کے عشرے تک جن مریضوں کی تعداد لاکھو ں میں تھی نومبر 2005ء تک یہ تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کی بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن آئی ڈی اے پاکستان میں پولیو کے خلاف کردار ادا کررہی ہے اور یہ کام یونیسف ڈبلیو ایچ او اور مختلف دیگر ترقیاتی اداروں کے تعاون سے کیاجارہا ہے ۔

اس منصوبے کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی ڈی اے نے یہ قرضہ گرانٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ رقم بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے دی جائے گی ۔ اس ضمن میں سمجھوتے پر پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اکرم ملک اور عالمی بینک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر جان ڈبلیو وال نے دستخط کئے ۔