آئیوڈین ملے نمک کے استعمال سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹرارشد

ہفتہ 16 دسمبر 2006 17:59

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16دسمبر2006 ) ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ نوشہرہ ڈاکٹر ارشد نے کہا ہے کہ آئیوڈین ملے نمک کے استعمال سے بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور قومی ترقی کے لئے بہتر افراد کار مہیا کئے جا سکتے ہیں۔ وہ نوشہرہ میں یونیورسل سالٹ آئیوڈائزیشن پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں نمک والی فیکٹریوں کے مالکان ‘ دکانداروں‘ نانبائیوں‘ ہوٹل مالکان اور علماء نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر ارشد نے کہا کہ ضلع نوشہرہ میں آیوڈین کے فروغ کے لئے کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے منصوبے کے منتظمین سے بھر پور تعاون کیا جائیگا ۔ آیو ڈین پراجیکٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر باسط نے کہا کہ ایو ڈین کی کمی سے بچے ذہنی اور جسمانی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں اور آیوڈین کے استعمال سے بچوں کی بہتر صحت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر نوشہرہ انعام الله نے یقین دلایا کہ ضلعی حکومت ایو ڈین کے فروغ میں ہر قسم کی معاونت کرے گی۔

سالٹ پروسیسرز ایسو سی ایشن کے صدر شیر افضل نے اعلان کیا کہ ضلع میں ایوڈین ملا نمک عام نمک کی قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈاکٹر ارشد نے ضلع نوشہرہ کی نمک فیکٹریوں کے مالکان میں حادثات کی روک تھام کے لئے یونیسیف کے تعاون سے ۳۵ ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے۔ سالٹ پروسیسرز ایسوسی ایشن کے ضلعی دفتر کیلئے ۱۴ ہزار روپے کا چیک بھی دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :