طالبان رہنما ملا عمردو روز قبل نیٹو افواج کے فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں، افغان نیشنل ڈائریکٹو ریٹ آف سکیورٹی کادعویٰ ، ملا عمر کوئٹہ سے جنوبی وزیرستان جا تے ہوئے ہلاک ہوئے ، این ڈی ایس ترجمان ، طالبان کی ملا عمر کی ہلاکت کی تردید ،ملا عمر مکمل طور پر محفوظ، صحت منداور افغانستان میں موجود ہیں، ترجمان افغان طالبان

پیر 23 مئی 2011 15:46

افغان نیشنل ڈائریکٹو ریٹ آف سکیورٹی (این ڈی ایس) نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان رہنما ملا عمر نیٹو افواج کے فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ افغان طالبان نے ملا عمر کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند ہیں۔ این ڈی ایس کے ترجمان لطف اللہ مشل نے افغان ٹی وی سے بات چیت میں طالبان رہنما ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل ملا عمر اس وقت نیٹو کے فضائی حملے میں اس وقت ہلاک کر دیئے گئے جب وہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے جنوبی وزیرستان جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل دو روز قبل ملا عمر کو کوئٹہ سے جنوبی وزیرستان لے جا رہے تھے۔ افغان طالبان کے ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملا عمر مکمل طور پر محفوظ ، صحت منداور افغانستان میں موجود ہیں اور وہ قابض فوجوں کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی صورت میں ممکن نہیں ہو سکتا کہ ملا عمر نیٹو کے فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہوں۔ ملا عمر زندہ ہیں اور ان کی ہلاکت محض پروپیگنڈا ہے