شعیب اختر اور محمد آصف کو ممنوعہ ادویات کے الزام سے بری کرنے کے فیصلے کو رواں ہفتے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔۔۔ترجمان واڈا

بدھ 20 دسمبر 2006 22:36

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20دسمبر۔2006ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اپیل پینل کی طرف سے فاسٹ بولرز شعیب اختر اور محمد آصف کو ممنوعہ ادویات کے الزام سے بری کرنے کے فیصلے کو رواں ہفتے عالمی مصالحتی عدالت برائے کھیل میں واڈا کی طرف سے چیلنج کیا جائے گا۔ واڈا کے ترجمان فریڈرک ڈونز نے ایک نجی ٹی وی کو ایک ای میل پیغام میں بتایا کہ عالمی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت واڈا انفرادی طور پر پی سی بی کے ڈوپنگ پینل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر اور محمد آصف کو ممنوعہ ادویات کے الزام سے بری کرنے کا فیصلہ کسی طور پر بھی اینٹی ڈوپنگ کوڈ پر پورا نہیں اترتا اور واڈا کی یہ ذمہ داری ہے کہ ڈوپنگ کے تمام معاملات میں اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت ہی فیصلے کئے جائیں ۔ واڈا کے ترجمان کے مطابق شعیب اختر اور محمد آصف کو بری کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لئے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی جا چکی ہے اور آئندہ چار سے پانچ دن میں اس فیصلے کو عالمی مصالحتی عدالت برائے کھیل میں چیلنج کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں واڈا کو آئی سی سی کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔