شمالی علاقہ جات میں بارشیں اور برفباری، بجلی اور مواصلات کا نظام متاثر، نمونیا سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ

جمعرات 21 دسمبر 2006 13:16

ایبٹ آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21دسمبر2006 ) شمالی علاقہ جات میں شدید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔سخت سردی کے باعث زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نمونیا سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ ہورہاہے۔ایبٹ آباد اور گردونواح میں شدید بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے ۔ گلیات میں نتھیا گلی ،ایوبیہ ،چھانگا گلی اور ٹھنڈیانی میں ایک فٹ تک برف پڑ ی ہے جس کے باعث تمام رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہوگئی ہیں ۔

شدید بارش اور برفباری سے بجلی اور مواصلات کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔مانسہرہ اور گردونواح میں بارش جب کہ وادی کاغان ،وادی سرن،وادی الائی اور پونچھ ویلی میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفرآباد کے گردونواح میں بھی بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

سردی کی شدت میں اضافے سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نمونیا سمیت مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔

نمونیا سے متاثرہ افرادمیں بچوں کی تعداد زیادہ ہے جنہیں عباس انسٹی ٹو ٹ آف میڈیکل سائنسز میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔بارش سے وادی نیلم جانے والی مرکزی شاہراہ نیلم پھسلن اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ہیوی ٹریفک کے لئے بند ہے ۔گزشتہ دنوں ہونے والی برفباری کے باعث چترال میں بند ہونے والی لواری ٹاپ تاحال بند ہے جب کہ گزشتہ چار دن سے پشاور سے چترال جانے والی پروازیں بھی خراب موسم کی وجہ سے منسوخ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :