سندھ، بلوچستان میں بارشیں، ہلاکتوں کی 41 ہوگئی، بیشتر علاقوں میں بیماریاں پھیلنا شروع، سیم نالوں کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی

ہفتہ 3 ستمبر 2011 19:19

سندھ میں بارشوں کے بعدمختلف امراض پھیلنا شروع ہوگئے ہیں۔میر پور خاص کے سیم نالوں میں پانی کی سطح خطر ناک حد تک بڑھ گئی ہے۔تین روز کے دوران ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے بعد بیماریاں پھیلنا شروع ہوگئی ہیں۔ سانگھڑ میں پیٹ کے امراض میں مبتلا بچوں اور خواتین سمیت ڈیڑھ سو سے زائد مریضوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔

ضلع عمر کوٹ میں ملیریا اور پیٹ کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ نوشہروفیروز کے علاقوں میں بارشوں کے بعد مختلف بیماریاں پھیل گئی ہیں۔پیٹ کے مرض میں میں مبتلا 15 بچوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ضلع خیرپور کے علاقے فیض گنج کی علی نواز واہ اور پندرہو واہ نہروں میں 50 ،50 فٹ شگاف پڑنے سے 8دیہات اور وسیع اراضی زیر آب آگئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھربارش کے بعدگاڑھی پل کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 8سالہ بچہ جاں بحق اور 6خواتین زخمی ہوگئیں۔نارا اور پریالو میں سانپ ڈسنے کے واقعات میں خاتون سمیت 2افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ میر پور خاص کی دو بڑی آبادی والے حصے سیٹ لائٹ ٹاون اور اولڈ سٹی ایریا کو ملانے والا ریلوے سب وے برج 6سے 8فٹ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ دیہی علاقوں میں سیم نالوں میں پانی کی سطح خطر ناک حد تک پہنچ چکی ہے