لاہور :وزیراعظم گیلانی کی زیر صدارت قومی صحت کانفرنس آج ہو گی

پیر 19 ستمبر 2011 13:01

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طلب کردہ قومی صحت کانفرنس آج لاہورمیں ہوگی جس میں سندھ میں سیلابی پانی سے پھوٹنے والی امرا ض اورپنجاب میں ڈینگی پرقابو پانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس لاہورمیں دوپہرڈیڑھ بجے ہونے والی قومی صحت کانفرنس کی صدارت وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کریں گے جس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹری صحت، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے اورشعبہ صحت کے اعلٰی حکام شریک ہوں گے جبکہ وزیر اعلٰی پنجاب شہبازشریف کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

کانفرنس میں سندھ میں وسیع پیمانے پرجمع ہونے والے سیلابی پانی میں ممکنہ طورپر پھوٹنے والی بیماریوں اور پنجاب میں ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وبائی امراض کے حوالے سے قومی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔