ڈینگی وائرس سے لاہور اور فیصل آباد میں مزید 15افراد جاں بحق ،لاہورمیں ہلاکتوں کی تعداد176ہوگئی،پنجاب کے دیگر شہر بھی ڈینگی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں روز بروز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے

جمعہ 7 اکتوبر 2011 22:40

ڈینگی وائرس سے لاہور اور فیصل آباد میں مزید 15افراد جاں بحق ہوگئے،شہر میں ہلاکتوں کی تعداد176ہوگئی، پنجاب کے دیگر شہر بھی ڈینگی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں روز بروز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق میو اسپتال میں جاں بحق ہونے والوں میں چاہ میراں کی تیس سالہ خالدہ، کینٹ کا سترہ سالہ یاسین، شاہدرہ کا بتیس سالہ عبدالوہاب، ننکانہ کا گیارہ سالہ سعدی اور 72سالہ شریف شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سی ایم ایچ میں نشاط کالونی کا عاشق، شیخ زید ہسپتال میں ننکانہ کا پچیس سالہ خالد عزیز، سروسز ہسپتال میں تیئس سالہ ماجد اور 48سالہ زرینہ جاں بحق ہوئے۔ نجی ہسپتال میں شیخو پورہ کا 25سالہ مبشر ایوب جان کی بازی ہار گیا، جبکہ جناح اسپتال میں 40سالہ عبدالرشید نے دم توڑ دیا۔ فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں رضیہ دم توڑ گئی۔ ڈینگی کے شکار مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔