چوہدری نثارعلی خان نے فصیح بخاری کی بطور چیئرمین نیب تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ، نیب کے چیئرمین کا تقرر آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں ، چیف جسٹس سے بھی مشورہ نہیں کیا گیا ، درخواست میں موقف، ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کو فوری کام سے روک کر ان کی تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے ،درخواست میں استدعا

ہفتہ 22 اکتوبر 2011 15:16

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما چوہدری نثارعلی خان نے فصیح بخاری کی بطور چیئرمین نیب تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارکی طرف سے ہفتہ کو درخواست اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کے چیئرمین کا تقرر آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آئین کے تحت قائد حزب اختلاف سے مشورے کیلئے تین نام بھیجنے چاہیے تھے جبکہ صدرمملکت کی جانب سے صرف ایک نام بھیجا گیا۔درخواست میں یہ بھی اعتراض کیا گیا کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے بھی مشورہ نہیں کیا گیا جوکہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے تحت لازمی قرار دیا گیا تھا۔ درخواست میں سیکرٹری قانون ، حکومت پاکستان اور فصیح بخاری کو فریق بنایا گیا ہے