مسلم لیگ (ن) نے صدر زرداری سے استعفے کا مطالبہ کردیا، آصف زر داری نے استعفیٰ نہ دیا تو عوام کا قانون حرکت میں آئیگا ، عوامی سمندر آخری معرکے کیلئے تیار ہے،شہباز شریف،ملک و قوم کو لوٹنے والوں کیخلاف شروع کر دہ جنگ انہیں نیست و نابود کر کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ، ڈینگی سے نمٹ لیازرداری سے بھی نمٹ لیں گے،پاکستان کے 18کروڑ عوام کہتے ہیں قوم کا پیسہ واپس کر دیں ورنہ اسی چوک میں الٹا لٹکا دینگے، جب تک علی بابا چالیس چوروں کو بھگائیں گے نہیں چین سے نہیں بیٹھیں گے ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ریلی سے خطاب

جمعہ 28 اکتوبر 2011 21:31

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر خالی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زر داری نے استعفیٰ نہ دیا تو لاہور ، کوئٹہ ، پشاور ، کراچی او رلاڑکانہ سمیت پورے ملک کے عوام کا قانون حرکت میں آئیگا اور انہیں اور ان کے ٹولے کو کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، ملک و قوم کو لوٹنے والوں کیخلاف جو جنگ شروع کی ہے انہیں نیست و نابود کر کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے،پنجاب میں ڈینگی کی وباء سے ہزاروں ، لاکھوں لوگ متاثر ہوئے لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمارے بازؤں میں ہمت دی اراکین اسمبلی ، پنجاب کے افسران نے دن رات کر کے اس سے نمٹا اگر ڈینگی سے نمٹ سکتے ہیں تو زرداری سے بھی نمٹ لیں گے ،پاکستان کے 18کروڑ عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،زرداری سے کہتے ہیں کہ قوم کا پیسہ واپس کردیں ورنہ اسی چوک میں الٹا لٹکا دینگے، جب تک علی بابا چالیس چوروں کو بھگائیں گے نہیں چین سے نہیں بیٹھیں گے ، آج پاکستان اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ لاہور شہر میں یہ عوامی سمندر آخری معرکے کیلئے تیار ہے ، ملکی خود مختاری پر حملوں پر آصف زرداری دشمنوں کو مبارک باد دیتے ہیں اور جب قدرتی آفات آتی ہیں تو بیرون ملک سیرو تفریح کیلئے چلے جاتے ہیں پھر انہیں صدر کیسے مانا جائے؟ وہ جمعہ کو کرپشن ، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف نکالی گئی مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے خطاب کررہے تھے