ڈیرہ اسماعیل خان، نماز جنازہ کے موقع پر فائرنگ، 4افراد جاں بحق، 3 زخمی،زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات نہ ملنے پر مشتعل افراد کی ہسپتال میں توڑ پھوڑ، حالات کنٹرول کرنے کیلئے فوج کو طلب کر لیا گیا

اتوار 24 دسمبر 2006 18:40

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر۔2006ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز جنازہ کے موقع پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال میں مناسب طبی سہولیات نہ ملنے پر مشتعل افراد نے ہسپتال پتھراؤ کر کے توڑ پھوڑ کی، امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر فوج کو طلب کر لیا گیا، واقعہ سے شہر کے حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق اتوار کے روز کونسلر قاسم کے کمسن بیٹے کی نماز جنازہ ادا کرنے کیلئے ڈیرہ دیہات نمبر ایک کے ناظم ملک عمران پٹی بن اور دیگر افراد جنازہ کے ہمراہ تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع حافظ خیر محمد قبرستان آ رہے تھے کہ راستہ میں نامعلوم مسلح افراد تاک لگائے بیٹھے تھے جنہوں نے نماز جنازہ کے شرکاء پر کلاشنکوفوں سے بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی جس سے 3 افراد زخمی ہوگئے اچانک فائرنگ ہونے سے بھگدڑ مچ گئی زخمیوں کو فوراً ہسپتال لایا گیا ہسپتال میں تعینات ایمرجنسی ڈاکٹراحسان وحید اور ڈسپنسر رفیع نے یمریضوں کو ابتدائی ادویات کی فراہمی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

شدید زخمی مریضوں کو فوراً آپریشن تھیٹر ریفر کیا گیا ڈاکٹروں کی عدم موجودگی اور ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے پر وہاں موجود افراد مشتعل ہوگئے اور ہسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کر دی تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ناظم ملک عمران کے بھائی ڈاکٹر کامران، نعیم، امان اللہ اورشاہ جہاں جاں بحق ہوگئے جبکہ ناظم کے والد اللہ بخش سمیت نثار اور قاسم زخمی ہیں۔

ہسپتال میں مشتعل افراد کے ہنگامے کی وجہ سے پولیس حالات کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی اور آرٹلری پاک آرمی کے میجر عرفان اور میجر سراج نے ہسپتال کا کنٹرول سنبھال لیا اس واقعہ کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ آج 25 دسمبر کو کرسمس اور یوم قائداعظم کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں بدمزدگی کو روکنے کے لئے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :