این آراوعمل درآمد کیس ،کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ،سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو اظہاروجوہ کا نوٹس جاری کردیا، 19 جنوری کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم،چےئرمین نیب نے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی،سپریم کورٹ کے فیصلے پرمکمل عملدرآمدکا فیصلہ کرلیا،فصیح بخاری

پیر 16 جنوری 2012 17:51

سپریم کورٹ نے این آراوعمل درآمد کیس میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو توہینِ عدالت کی کارروائی کے لئے اظہاروجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 19 جنوری کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کر لیا ۔جسٹس آصف سعیدکھوسہ نے ریمارکس دیے کہ یہ تاثر صحیح نہیں کہ چھ آپشنز حکومت کو دیے گئے بلکہ یہ آپشنز تو عدالت کے لیے ہیں۔ عدالت نے یہ قرار نہیں دیا کہ وزیراعظم بدیانت اور کرپٹ ہیں بلکہ کہا کہ بادی النظر میں وہ اپنے حلف سے ایماندار نہیں رہے وزیراعظم کا عہدہ بہت باعزت ہے عدالتی فیصلہ پڑھے بغیر اس پر تبصرے کیے جاتے رہے۔

(جاری ہے)

جبکہ چیئرمین نیب فصیح بخاری اورنیب پراسیکیوٹرجنرل کے کے آغانے عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی چےئرمین نیب کی طرف سے عدالت کو بتایاگیاکہ نیب نے این آر او فیصلے پر مکمل عمل درآمد کا فیصلہ کرلیاہے، ملک قیوم ملک سے باہر ہیں،ان کی گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ جاری کرنے کا عمل شروع کردیاہے،پیرکوچیف جسٹس کی طرف سے پانچ رکنی بینچ کے فیصلہ کی روشنی میں قائم سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ نے جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں این آراوعملدرآمدکیس کی سماعت کی ، بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس سرمد جلال عثمانی، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجاز چوہدری اور جسٹس اطہر سعید شامل ہیں