شریف خاندان ، انکے دوستوں کو کسی ضمانت کے بغیر 77لاکھ رشوت ،چوہدری شوگر ملز کو بلا ضمانت ایک ہی دن میں4کروڑ 95لاکھ روپے کا قرضہ دیا گیا، ایف آئی اے ،نواز شریف کی الیکشن مہم کے انچارچ طلحہ زبیر کی پاک پنجاب کارپٹس کو یونس حبیب نے 2کروڑ 85لاکھ روپے دئیے،سابق آرمی چیف اسلم بیگ کے داماد امتیاز علی کی کمپنیوں کو 155ملین روپے دیئے گئے ،نجی ٹی وی کو ملنے والی دستاویزات ، یونس حبیب نے تصدیق کر دی

منگل 13 مارچ 2012 23:20

ایف آئی اے کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شریف خاندان اور انکے دوستوں کو کسی ضمانت کے بغیر 77لاکھ روپے رشوت دی گئی جبکہ چوہدری شوگر ملز کو بلا ضمانت 4کروڑ 95لاکھ روپے کا قرضہ دیا گیا، چوہدری شوگر ملز کے ڈائریکٹرز میں میاں شہباز شریف، حسین نواز، حمزہ شہباز اور خواتین شامل تھیں جبکہ اس قرضے کے لیے مہران بنک لاہور کی برانچ میں 4اپریل 1993ء میں اکانٹ کھولا گیا اسی روز قرضے کے لیے درخواست دی گئی اور اسی دن اس کی منظوری دئیے جانے کے بعد قرضہ اکاوئنٹ میں منتقل کر دیا گیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف کی الیکشن مہم کے انچارچ طلحہ زبیر کی پاک پنجاب کارپٹس کو یونس حبیب نے 2کروڑ 85لاکھ روپے دئیے گئے ، اس رقم کے لیے یونس حبیب کو وزیراعظم ہاؤس سے فون پر ہدایت ملی تھی۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل بیگ کے داماد امتیاز علی کی کمپنیوں کو 155ملین روپے دیئے گئے جسکی یونس حبیب نے تصدیق کر دی۔

جنرل (ر)مرزا اسلم بیگ نے نہ صرف اپنی این جی او فرینڈز کے لیے مہران بینک سے تین کروڑ لیے بلکہ اپنے رشتہ داروں کو بھی 15کروڑ روپے سے نوازا۔ مہران بینک کے ڈائریکٹر محمد علی خان جنرل اسلم بیگ کے سمدھی تھے۔ دستاویزات کے مطابق جنرل اسلم بیگ کے سمدھی اور داماد کی کمپنیوں کو 15کروڑ 50لاکھ روپے مہران بینک سے ادا کیے گئے۔ جنرل اسلم بیگ کے داماد امتیاز علی اور سمدھی محمد علی خان کی جن کمپنیوں کو پیسے دئیے گئے ان میں میک کارپوریشن ،میک انٹر پرائزز اور میک ڈائنگ اینڈ فشنگ ملز شامل ہیں