میو ہسپتال میں 73 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ منزلہ سرجیکل ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر ہیلی پیڈ بنایا جائیگا۔ وزیر صحت

جمعہ 5 جنوری 2007 13:51

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05جنوری2007 ) وزیر صحت پنجاب چوہدری محمد اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر صوبہ میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحات متعین کر کے بڑے منصوبے شروع کئے جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار منفر د منصوبوں پر کام جاری ہے ان میں ٹراما / برن یونٹس کا قیام اور اس سلسلے میں جدید سرجری سنٹرز قائم کرنا‘ نچلی سطح تک صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فروغ‘ خطرناک بیماریوں کا باعث بننے والے ہسپتالوں کے ویسٹ کو جدید طریقوں سے تلف کرنا اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے معیار کو ترقی یافتہ ممالک کے ہسپتالوں کے معیار سے ہم آہنگ کرنا شامل ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پہلی ساؤتھ ایشیئن ریجنل میٹنگ برائے پرائمری ٹراماکیئر کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈاکٹر ڈگلس ولنکسن‘ وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز حسن‘ ڈاکٹر محمد اویس ‘ ڈاکٹر رشید جمعہ و دیگر ماہرین نیورو سرجنز نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں برطانیہ‘ انڈیا‘ نیپال‘ سری لنکا و دیگر ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔

وزیر صحت نے کہا کہ میو ہسپتال میں 73 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹھ منزلہ سرجیکل ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر ہیلی پیڈ بنایا جائے گا تا کہ ٹراما کے مریضوں کو تیزی سے علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا جا سکیجبکہ ہسپتال کو جدید مشینری فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایمرجنسی وارڈز کو اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی گرانٹ فراہم کی اور مریضوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ماضی میں حکومتوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی ڈاکٹروں کوجدید تحقیق سے آگاہ ہونے کے مواقع فراہم کئے تاہم موجودہ حکومت ڈاکٹروں کو بین الاقوامی معیار کی تربیتی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ شعبہ طب میں ہونیوالی روز افزوں تبدیلیوں اور تحقیق سے آگاہ ہو سکیں اس سلسلے میں حکومت دوران سروس ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون اور گرانٹ فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ عوام میں شعور کی آگاہی کے سلسلے میں طبی ماہرین/ اداروں کی جانب سے منعقد کئے جانے والے سیمینارز کی حکومت بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی ۔