صحت اجازت نہیں دیتی، تحریک کی قیادت کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتا۔ الطاف حسین

جمعہ 5 جنوری 2007 18:45

لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05جنوری2007 ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں نے 30 سال تک مسلسل تحریک کی خدمت کی اب گرتی صحت کے باعث قیادت کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ تحریک کے مخلص ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحریک کے مشن کو جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کی ایک بڑی تعداد نے من مانی اور جاگیردارانہ اور وڈیرانہ طرز عمل اختیار کیا ہواہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک کے ثابت قدم ذمہ داروں اور کارکنوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اپنی زندگی کی تیس سالہ جدوجہد کے دوران ذاتی زندگی کی ہر خواہش ہر امنگ کو تحریک پر قربان کردیا اسی طرح تحریک کے مخلص ساتھیوں نے تحریک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے جام شہادت نوش کیا لیکن افسوس کہ ذمہ داران کی ایک بڑی تعداد نے من مانی اور جاگیر دارانہ اور وڈیرانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اپنے تحریکی انداز فکر عمل کو تبدیل کرکے خود کو تحریک کے نضم و ضبط اور قائد کی ہدایت سے بری الذمہ سمجھ کر جاگیر دارانہ اور وڈیرانہ طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بعض ذمہ داران بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ کارکنان دھوپ ،گرمی اور جاڑے کی پروہ کئے بغیر تحریک کے اوقات کار کی ناصرف یہ کہ پابندی کرتے ہیں بلکہ رات دن محنت اور لگن سے بھی کام کرتے ہیں۔ ذمہ داران اور بعض اہم عناصر کے طرز عمل سے مجھے انتہائی دکھ اور صدمہ ہے لہذا میں تحریک کے مخلص ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحریک کے مشن کو جاری رکھیں کیوں کہ تیس سالہ جدوجہد کے دوران اب میری صحت اس کی اجازت نہیں دیتی کہ میں تحریک کا بوجھ سنبھال سکوں۔اللہ تحریک کا حامی و ناصر ہو۔