کوئٹہ ،ایف سی قافلے پر ریموٹ کنٹرول حملہ، 5 افراد جاں بحق ،10 سے زائد زخمی ، 4 کی حالت تشویشناک ،دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی اور 4 رکشے مکمل تباہ، کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے ٹیلی فون ایکسچینج ،متعدد دفاتر اور رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،صدر و وزیراعظم کی زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت، وزیر داخلہ نے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی

منگل 1 مئی 2012 15:41

کوئٹہ میں سریاب روڈ پر ایف سی قافلے پر ریموٹ کنٹرول حملے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، دھماکے سے قریب کھڑے چار رکشوں میں آگ لگ گئی اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے قرب و جوار میں واقع ٹیلی فون ایکسچینج کی عمارت سمیت متعدد دفاتر اور رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

(جاری ہے)

منگل کو پولیس کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر گرڈ سٹیشن کے قریب سیکورٹی فورسز کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اسی دوران سڑک کنارے نصب رکشے میں بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے، دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی اور چار رکشوں میں آگ لگ گئی۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریب کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور قرب و جوار میں واقع ٹیلی فون ایکسچینج سمیت متعدد دفاتر اور رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے