باجوڑ ایجنسی ‘لیویز فورس پر خود کش حملہ، کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ سمیت 20افراد جاں بحق، 40سے زائد زخمی، متعدد کی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں مزید اضافہ کاخدشہ ،دھماکہ سے متعدد دکانیں منہدم ،درجنوں گاڑیاں تباہ،کئی رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ،دھماکہ کے بعد خار بازارکرفیوں نافذ ،دکاندار اور عام شہری دکانوں اورگھروں میں محصور ،حملہ میں جاں بحق ڈپٹی کمانڈنٹ فضل ربی کو شدت پسندوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر تمغہ شجاعت سے بھی نوازا گیا تھا، سکیورٹی اہلکار،صدر ،وزیراعظم ، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت متعدد وفاقی و صوبائی وزراء کی بم دھماکے کی مذمت، انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار،صدر و وزیراعظم کی زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 4 مئی 2012 11:41

باجوڑ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز خار میں خود کش حملہ میں لیویز فورس کے کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ سمیت 20افراد جاں بحق اور 40سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ کاخدشہ ہے، دھماکہ سے خار بازار کی متعدد دکانیں منہدم ہو گئیں جس سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے اور قرب و جوار میں واقع کئی رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، قریب کھڑی کئی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں،دھماکہ کے بعد خار بازارکرفیوں نافذ کر دیا گیا جس کی وجہ سے دکاندار اور عام شہری دکانوں اورگھروں میں محصور ہوگئے ادھر صدر ،وزیراعظم ، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت متعدد وفاقی و صوبائی وزراء کی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق باجوڑ اینجنسی کے خار بازار میں جمعہ کی صبح لیویز فورس کے اہلکار معمول کی چیکنگ کر رہے تھے کہ ایک نامعلوم خود کش حملہ آور نے وہاں پر خود کو زوردار دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجہ میں 4سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20افراد جاں بحق اور 40سے زائد زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں لیویز کے کمانڈنٹ صوبیدار میجر محمد جاوید، ڈپٹی کمانڈنٹ فضل ربی، سرکاری محرر فدا محمد، مقامی ٹھیکیدار اور عام شہری شامل ہیں۔