راولپنڈی ،حج کرپشن کیس،حامد سعید کاظمی سمیت تین ملزمان پر فرد جرم عائد،حامد کاظمی کے مبینہ فرنٹ مین کے احمد فیض کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری ،ملزمان کے خلاف 10 گواہان طلب، مکہ میں حج عمارتیں کرائے پر لینے کے سلسلے میں پونے دو کروڑ کا کمیشن کھایا گیا، سپیشل جج سنٹرل ،ملزمان کا صحت جرم سے انکار ،دفاع کرنے کا اعلان ، الزامات عائد کرنے والے جھوٹے ثابت ہوئے،قانون کے مطابق انصاف نہ ملنے پر مایوسی ہوئی ، سپریم کورٹ کوئی ریلیف دینے کو تیار نہیں، سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 30 مئی 2012 15:09

راولپنڈی میں سپیشل جج سنٹرل نے حج انتظامات کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی سمیت تین ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنا دفاع کرنے کا اعلان کر دیا۔ بدھ کو سپیشل جج سنٹرل نے سال 2010 کے حج انتظامات میں کرپشن کے مقدمہ کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ٹرائل کورٹ نے سابق وفاقی وزیر حامدسعید کاظمی ، سابق ڈی جی حج راؤشکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری آفتاب الاسلام پر باضابطہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے کہا کہ مکہ میں حج عمارتیں کرائے پر لینے کے سلسلے میں پونے دو کروڑ کا کمیشن کھایا گیا۔

حامد کاظمی کے مبینہ فرنٹ مین کے احمد فیض کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔ عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف 10 گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کردی گئی۔عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنا دفاع کرنے کا اعلان کیا مجھ پر جنہوں نے الزامات لگائے وہ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔ وہ گواہوں میں شامل نہیں۔